لکھنؤ ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد اراضی ملکیت کے متنازعہ کیس میں 17نومبر کو سپریم کورٹ کے فیصلہ کے پیش نظر راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ماہ نومبر میں منعقد ہونے والے اپنے تمام پروگراموں اور تقاریب کو منسوخ کردیا ہے۔ آر ایس ایس نے اپنے ورکرس سے کہا ہیکہ وہ اپنے سفر کے شیڈول کو بھی منسوخ کردیں۔ آر ایس ایس کے ذرائع نے کہا کہ آر ایس ایس، ایودھیا کیس کو لیکر بہت محتاط ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد اگر کچھ واقعات ہوتے ہیں تو اس کا الزام آر ایس ایس پر نہیں لگنا چاہئے۔ سپریم کورٹ کے زیرالتواء فیصلہ کے تناظر میں آر ایس ایس نے 31 اکٹوبر سے 4 نومبر تک منعقد ہونے والے سب سے بڑے جلسہ کو بھی ملتوی کردیا ہے۔ اس جلسہ میں سنگھ پریوار کے تمام بڑے قائدین شرکت کرنے والے تھے۔ آر ایس ایس کیلئے یہ جلسہ بہت اہم تھا جو ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ ہوتا ہے۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے علاوہ سریش بھیاجی جوشی، دتاتریہ ہوشبولے بھی شرکت کرنے والے تھے۔ بی جے پی کے قائدین بھی جلسہ میں شرکت کررہے تھے لیکن اب جلسہ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔