بابری مسجد اراضی ملکیت تنازعہ کیس کا /17 نومبر کو فیصلہ ، حساس مسئلہ پر جشن نہیں منانا چاہئیے :مختار عباس نقوی
لکھنؤ ۔ /3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ رام جنم بھومی بابری مسجد اراضی ملکیت تنازعہ کیس پر /17 نومبر کو آنے والے فیصلہ سے قبل کسی قسم کے تبصرہ سے گریز کریں ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ اس مسئلہ پر غیرضروری بیان بازی نہ کی جائے ۔ ریاستی وزراء کو سخت تاکید کی گئی ہے کہ وہ لب کشائی سے گریز کریں ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کسی وزیر کو بیان دینے کی ضرورت نہی ہے ۔ عدالت کا فیصلہ چاہے کسی کے بھی حق میں آئے ۔ بیان نہیں دیا جانا چاہئیے ۔ بھارتیہ جنتاپارٹی نے اپنے تمام قائدین کو صبر و تحمل سے کام لینے کی ہدایت دی ہے ۔ اسی دوران مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے بھی پریاگ راج (الہ آباد ) میں کہا کہ حساس مسائل پر جشن منانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجد اراضی ملکیت تنازعہ کیس میں فیصلہ کسی کے بھی حق میں ہو اس پر جشن نہیں منایا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے ہندوؤں اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں ۔ راشٹریہ سیویم سیوک سنگھ آر ایس ایس نے بھی سلسلہ واری اجلاس منعقد کرتے ہوئے اپنے کیڈرس سے کہا ہے کہ وہ بیانات دینے سے گریز کریں ۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے جب /26 اکٹوبر کو ایودھیا کا دورہ کرتے ہوئے دیپ اتسو میں حصہ لیا تھا تو اس موقع پر انہوں نے پوجاریوں سے ملاقات کی اور ان سے بھی خواہش کی تھی کہ وہ ایودھیا کے بارے میں کوئی بھی متنازعہ تبصرہ نہ کریں ۔ بی جے پی نے اپنے ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کرے گی جس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور و خوص کیا جائے گا ۔