ایودھیا مقدمہ : سماعت کا 17 اکٹوبر کو سپریم کورٹ میں اختتام

   

نئی دہلی 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے جمعہ کے دن کہاکہ وہ سیاسی اعتبار سے حساس رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد اراضی تنازعہ واقع ایودھیا کی سماعت 17 اکٹوبر کو ختم کردے گی۔ مقررہ وقت سے یہ ایک دن پہلے مسلم فریق اپنے دلائل 14 اکٹوبر کو ختم کردے گا اور بعدازاں دو دن ہندو فریقین کے دلائل کی سماعت کے لئے مختص کئے جائیں گے تاکہ 16 اکٹوبر تک سماعت کی تکمیل ہوجائے۔ 17 اکٹوبر سماعت کے اختتام کا آخری دن ہوگا اور دونوں فریقین کو قطعی آخری دلائل راحت رسانی کے لئے پیش کردینے ہوں گے تاکہ عدالت اِن پر فیصلہ کرسکے۔ یہ بنچ جسٹس ایس اے بوبڑے، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس اے نذیر پر بھی مشتمل ہے۔