نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ ایودھیا اراضی تنازعہ سے متعلق مقدمہ کی سماعت کی ریکارڈنگ یا ٹیلی کاسٹ کی استدعا کو بغرض سماعت چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی زیرقیادت بنچ پر پیش کیا گیا۔ چیف جسٹس کی قیادت میں ایک پانچ رکنی بنچ ایودھیا مقدمہ کی سماعت کررہی ہے۔ آر ایس ایس کے نظریاتی پیرو کے این گویند آچاریہ نے یہ درخواست دائر کی تھی جو قبل ازیں چیف جسٹس آر ایف نریمن اور جسٹس سوریہ کانت کی بنچ سے رجوع کی گئی تھی۔ گویند آچاریہ کی وکالت کرنے والے ایک سینئر ایڈوکیٹ وکاس سنگھ نے کہا تھا کہ چیف جسٹس کی زیرقیادت کسی بنچ پر اس کی سماعت کی جائے۔