ایودھیا( یو پی )۔10؍جنوری ( ایجنسیز )کشمیر کے شوپیاں سے تعلق رکھنے والے ایک 55 سالہ شخص جس کی شناخت احمد شیخ کے نام سے ہوئی ہے کو ایودھیا کے رام مندر احاطہ میں مبینہ طور پر نماز پڑھنے کی کوشش کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے سیتا رسوئی علاقے کے قریب مداخلت کی اور اسے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ حکام اس سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیں تاکہ اس کے ارادے، سفر کی تفصیلات اور اس نے ہائی سکیورٹی والے مندر کے احاطہ تک کیسے رسائی حاصل کرنے کی تفصیلات حاصل کی جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ادھیڑ عمر شخص جس کا تعلق مبینہ طور پر کشمیر سے ہے کو سیکورٹی اہلکاروں نے ہفتہ کو اس وقت حراست میں لے لیا جب اس نے ایودھیا کے رام جنم بھومی مندر کے احاطہ میں مبینہ طور پر نمازادا کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعہ کے بعد مندر کی سکیوریٹی پر تشویش کو جنم دیا ہے پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد احاطے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس شخص کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے اور اس کا علاج چل رہا ہے۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ شخص جو آس پاس کے علاقہ میں شالیں پھینک رہا تھا ممکنہ طور پر صبح سویرے گیٹ D1 سے رام جنم بھومی احاطہ میں داخل ہوا ہوگا۔ مندر کا دورہ کرنے کے بعد وہ مبینہ طور پر مندر کے احاطے کے سیتا رسوئی علاقہ کی طرف بڑھا جہاں وہ جنوبی دیوار کے قریب بیٹھ گیا اور نماز پڑھنے کی تیاری کررہا تھا۔جب اس کو روکا گیا تو اس نے مذہبی نعرے لگانے شروع کر دیے جس کے بعد اسے مزید تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔