اصل مقدمہ سے مربوط کرنے سپریم کورٹ بنچ کی ہدایت
نئی دہلی 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے 1993 ء کے اُس مرکزی قانون کے دستوری جواز کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ ایک درخواست پر سماعت کا آج فیصلہ کیا۔ جس (قانون) کے تحت حکومت نے ایودھیا میں رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد کے بشمول 67.73 ایکر اراضی حاصل کی تھی۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی زیرقیادت ایک بنچ نے دستوری بنچ پر زیرتصفیہ ملکیت کے تنازعہ کے اصل مقدمہ سے اس درخواست کو مربوط و منسلک کردیا ہے۔ چیف جسٹس گوگوئی اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے کہاکہ ’اس مسئلہ کو اس بنچ سے مربوط کیا جائے جہاں پہلے سے یہ مسئلہ زیر سماعت ہے‘۔ مذہبی اراضی کے حصول میں پارلیمنٹ کی قانون سے متعلق اہلیت و صلاحیت کو چیلنج کردہ درخواست 67 ایکر رقبہ پر موجود غیر متنازعہ یہ اراضی اس کے حقیقی مالکین کو دینے کے لئے مرکز کی طرف سے درخواست داخل کرنے کے ایک ہفتہ بعد پیش کی گئی ہے۔