بغیر کپڑوں کے بھیانک حالت میں نعش دستیاب
ایودھیا: اتر پردیش کے ایودھیا ضلع میں پولیس نے ہفتہ کے روز ایک لاپتہ شیڈول کاسٹ (ایس سی) لڑکی کی برہنہ نعش برآمد کی جس کا بیدردی سے قتل کردیا گیا ، اس کی آنکھیں نکال لی گئیں تھیں اور اس کے جسم پر کئی زخم تھے۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہیکہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی اور پھر اسے قتل کر دیا گیا۔پولیس نے جمعہ کو 22 سالہ لڑکی کے لاپتہ ہونے کی شکایت موصول ہونے کے بعد ایف آئی آر درج کی تھی۔ لڑکی کی برہنہ نعش ہفتہ کی صبح برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق نعش انتہائی خوفناک حالت میں تھی جسے دیکھ کر لڑکی کی بڑی بہن اور گاؤں کی دو خواتین بیہوش ہو گئیں۔ لڑکی جمعرات کی رات 10 بجے یہ کہہ کر گھر سے نکلی تھی کہ وہ کسی مذہبی تقریب میں جارہی ہے لیکن وہ واپس نہیں آئی جس کے بعد گھر والوں نے گاؤں میں اس کی تلاش کی۔ اہلخانہ نے جمعہ کو ایودھیا پولیس اسٹیشن میں لڑکی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ لواحقین نے الزام لگایا کہ پولیس لڑکی کی سرگرمی سے تلاش کرنے کے بجائے محض رسمی کارروائی کررہی ہے۔ ہفتہ کی صبح لڑکی کے بہنوئی کو اس کی نعش گاؤں سے آدھا کلومیٹر دور ایک چھوٹی نہر میں ملی۔ اس نے نعش ملنے کی اطلاع اہلخانہ کو دی جس کے بعد موقع پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ لواحقین نے بتایا کہ لڑکی کے ہاتھ پاؤں رسی سے بندھے ہوئے تھے اور چہرے اور کھوپڑی پر شدید چوٹوں کے نشانات تھے۔