ایودھیا 25جنوری (یو این آئی) اترپردیش کے ضلع ایودھیا میں واقع رام مندر کو ہفتہ کی رات بم دھماکے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ اتوار کو حکام نے تصدیق کی کہ مندر احاطہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق رات تقریباً ساڑھے دس بجے 112 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کی گئی ایک کال کے ذریعے دھمکی دی گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کال کرنے والے شخص کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیا، جو مبینہ طور پر ضلع گونڈہ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نوجوان ذہنی طورپرغیر متوازن معلوم ہوتا ہے ۔ انٹلیجنس ایجنسیوں کی ٹیمیں ایودھیا پولیس کے ساتھ مل کر اس سے پوچھ تاچھ کر رہی ہیں تاکہ کال کرنے کے پیچھے کی وجہ معلوم کی جاسکے۔ تاحال کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے ۔ حکام نے ابھی تک ملزم کا نام یا دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور عوامی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔