ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے کوئی بھی عطیہ نہ دیں

   


ہمارے پاس بھی رام ہے ، اُتر پردیش کے رام سے ہمارا کیا لینا دینا : ٹی آر ایس رکن اسمبلی ودیا ساگر
حیدرآباد۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ودیا ساگر نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے کسی کو بھی عطیہ نہ دینے کا مشورہ دیا۔ جگتیال میں بھیڑ بکریوں کی تقسیم پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ودیا ساگر راؤ نے یہ ریمارک کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گاؤں میں رام مندر موجود ہے ، ایودھیا میں رام مندر سے ہمارا کیا لینا دینا ہے۔ ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ رام مندر کے نام سے بی جے پی سیاسی منافرت پھیلاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بھگوان رام کے بھکت ہیں، انہوں نے بی جے پی سے استفسار کیا کہ کیا صرف بٹو ( تلک ) لگانے سے ہی رام کے بھکت ہوتے ہیں۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ بی جے پی رام مندر کے نام پر بھیک مانگتے ہوئے نیا تماشہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُتر پردیش کے رام کی ہمیں کیا ضرورت ہے کیا ہمارے پاس رام نہیں ہیں۔ ریاست میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے اور مستقبل میں بھی اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کا دماغی توازن بگڑ گیا ہے۔ بنڈی سنجے کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے بی جے پی کے قائدین مذہب کا بیجا استعمال کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ بی جے پی کو یقین ہے کہ وہ ترقیاتی ایجنڈہ پر کبھی کامیابی حاصل نہیں کرسکتی اس لئے مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔