لکھنو 22 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ لارڈ رام کا ایک بلند ترین مجسمہ ایودھیا میں 100 ایکڑ اراضی پر نصب کیا جائیگا ۔ انہوں نے سینئر عہدیداروں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا جانا چاہئے تاکہ ایودھیا میں لارڈ رام کا 251 فیٹ بلند مجسمہ نصب کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ لارڈ رام کے مجسمہ کی تنصیب کے علاوہ سارے ایودھیا کی ترقی کیلئے بھی ایک منصوبہ تیار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سیاحتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ یہاں ڈیجیٹل میوزیم ہونا چاہئے ۔ راحت رسانی مرکز ‘ لائبریری ‘ پارکنگ ‘ فوڈ پلازا وغیرہ کا قیام بھی عمل میں لایا جانا چاہئے ۔ حکومت یو پی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف منسٹر کی صدارت میں اس کام کیلئے ایک ٹرسٹ بھی قائم کیا جائیگا ۔ مجسمہ کی تیاری کیلئے گجرات حکومت کے ساتھ فنی مدد کیلئے ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط بھی کی جائے گی ۔