ایودھیا میں لڑکی کے قتل پرینکا اور راہول کا شدید ردعمل

   

غریبوں کی چیخ و پکار سننے والا کوئی نہیں‘یو پی حکومت پر تنقید
نئی دہلی: اترپردیش کے ایودھیا میں ایک دلت لڑکی کے ساتھ ہوئی انسانیت سوز حرکت نے پورے ملک کو سکتہ میں ڈال دیا ہے۔ وہیں اس معاملے پر سیاست دانوں نے بھی کڑا رْخ اختیار کیا ہے۔ وائناڈ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا نے بھی اس معاملے پر یوپی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پرینکا نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ایودھیا میں ایک دلت بچی کے ساتھ جس طرح کی بربریت ہوئی اسے سن کر کسی بھی انسان کی روح کانپ جائے گی۔ پرینکا نے کہا کہ بچی 3 دن سے غائب تھی لیکن پولیس نے کچھ نہیں کیا۔ بی جے پی کے جنگل راج میں دلتوں، قبائلیوں، پسماندوں اور غریبوں کی چیخ و پکار سننے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے ظلم کرنے والوں کے ساتھ ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔راہول گاندھی نے بھی اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایودھیا ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے ہفتہ یکم فروری کو ایک گمشدہ دلت طبقہ کی لڑکی کی برہنہ نعش برآمد ہوئی۔ لڑکی کو بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا اس کی آنکھیں نکال لی گئی تھیں اور جسم پر کئی گہرے زخم بھی تھے۔