’ایودھیا پر بہت اچھی خبر آپ سب کا انتظار کررہی ہے‘: یوگی

   

چیف منسٹر کو کیسے پتہ چلا، عدالت میں کیا ہورہا ہے، بی جے پی کے پاس قانون کا احترام نہیں : اکھلیش
لکھنؤ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ عوام کو لارڈ رام سے ترغیب حاصل کرنے پر زور دیا اور اُمید ظاہر کی کہ ایک خوشخبری آپ تمام کا انتظار کررہی ہے۔ یوگی کے ان ریمارکس پر ایس پی کے سربراہ اکھلیش یادو نے برہمی کا اظہار کیا اور دریافت کیاکہ چیف منسٹر یہ کیسے جان لئے کہ عدالت میں کیا ہورہا ہے۔ یادو نے ایک سوال پر جواب دیا کہ ’چیف منسٹر کہہ رہے ہیں کہ مسئلہ ایودھیا کے بارے میں ایک انتہائی اچھی خبر آپ سب کا انتظار کررہی ہے۔ اس بات سے وہ کس طرح واقف ہوسکتے ہیں کہ عدالت میں کیا ہورہا ہے؟ بی جے پی کے پاس ملک کے قانون اور دستور کا کوئی احترام و تقدس نہیں ہے۔ ہم ہمیشہ ہی یہ کہتے رہے ہیں کہ عدالت کا فیصلہ ہم قبول کریں گے۔ سارا ملک قبول کرے گا‘۔ اکھلیش نے کہاکہ ’سوال یہ ہے کہ آیا کس طرح ایک اخبار اس بات سے واقف ہوگیا۔ چیف منسٹر کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ کیا ہونے والا ہے؟‘ ایودھیا میں رام جنم بھومی ۔ بابری مسجد کے 2.77 ایکر اراضی کی ملکیت کے مقدمہ پر سپریم کورٹ میں روزانہ سماعت کے دوران چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو اُمید ظاہر کی تھی کہ ’ایک بہت اچھی خبر آپ تمام کا انتظار کررہی ہے‘۔ یوگی نے رام مندر کا تفصیلی حوالہ دینے سے گریز کرتے ہوئے بالواسطہ طور پر کہا تھا کہ ’ہم رام کے بھکت ہیں۔ بھکتی میں بڑی طاقت ہے۔ مَیں سمجھتا ہوں کہ ہم بہت جلد ایک بہت اچھی خبر سنیں گے‘۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ ملک و قوم کی تعمیر کے لئے ہمیں لارڈ رام سے ترغیب حاصل کرنا چاہئے۔ اترپردیش کے چیف منسٹر نے مزید کہا تھا کہ ’لارڈ رام ہماری ہر سانس میں رہتے ہیں اور ہم سب بھگوان کے بھکت ہیں۔ بھکتی میں ہی شکتی (طاقت) ہے‘۔