لکھنؤ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا کیس میں نظرثانی درخواست داخل کرنے کے مسئلہ پر اترپردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ میں اختلافات پیدا ہونے کی اطلاعات کے درمیان مسلم ادارہ کے چیرمین ظفر فاروقی نے کہاکہ بورڈ کے ارکان 26 نومبر کو اپنے اجلاس میں اس مسئلہ کو اُٹھاسکتے ہیں۔ فاروقی نے کہاکہ مجھے بورڈ کی جانب سے فیصلہ کرنے کا مجاز قرار دیا گیا ہے لیکن کسی بھی رکن کو اس پر اعتراض کرنے کا حق حاصل ہے۔ سنی وقف بورڈ اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ آیا ایودھیا میں ایک مسجد کی تعمیر کے لئے اراضی کو قبول کیا جائے یا نہیں۔ اس سے قبل فاروقی نے کہاکہ ان کا بورڈ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی پابندی کرے گا اور درخواست نظرثانی داخل نہیں کرے گا۔ بعض ارکان کی جانب سے نظرثانی درخواست کی حمایت کرنے کی اطلاعات پر فاروقی نے کہاکہ جن لوگوں نے اس تجویز پر اعتراض کیا ہے اس بارے میں غور کرکے ایک قرارداد منظور کروائی جائے گی اور اس کے بعد ہی قطعی فیصلہ ہوگا۔