ایودھیا 18 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) رام جنم بھومی مندر کے صدر پجاری نے کہا کہ چونکہ اب رام مندر کی تعمیر کا کام شروع ہونے والا ہے اس لئے وہاںرکھی ہوئی رام للا کی مورتیوں کو منتقل کیا جائیگا ۔ پجاری آچاریہ ستیندر داس نے کہا کہ ان مورتیوں کو عارضی مندر سے 200 میٹر کے فاصلے پر منتقل کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ مورتیوں کے مقام گربھ گریہہ سے مندر کی تعمیر کا کام شروع ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ انجینئرس نے مورتیوں کو منتقل کرنے کیلئے زمین کی پیمائش کی ہے تاہم انہوں نے انجینئرس سے ملاقات نہیں کی ہے ۔ ان مورتیوں کو منتقل کیا جائیگا اور عارضی طور پر مناس بھون کی سمت رکھا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ مندر کی تعمیر کا کام مکمل ہوتے ہی مورتیوں کو ان کے اصل مقام پر منتقل کردیا جائیگا ۔ رام جنم بھومی احاطہ کے ڈکری ہولڈر ترلوکی ناتھ پانڈے نے یہ بات بتائی ۔