ایودھیا کی مسجد میں 2000 مصلیوں کی گنجائش،بلیو پرنٹ تیار

   

ایودھیا : بابری مسجد کے متبادل کے طور پر ایودھیا میں الاٹ کردہ اراضی پر تعمیر ہونے والی مسجد کا بنیادی بلیو پرنٹ تیار ہوچکا ہے ۔ ایودھیا کے دھانی پور موضع میں یہ مسجد تعمیر کی جارہی ہے ۔ذرائع نے کہا کہ مسجد میں تقریباً 2000 مصلیوں کی گنجائش ہوگی ۔ مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے ساتھ ہی یہاں پر نماز ادا کرنے والوں کی کثیرتعداد کیلئے جگہ دستیاب ہوگی ۔ انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے نئی مسجد کیلئے بلیو پرنٹ تیار کیا ہے ۔ اس مسجد کو سنی وقف بورڈ کو دی گئی اراضی پر تعمیر کیا جائے گا ۔ بابری مسجد کی شہادت کے بعد رام جنم بھومی مقام پر مندر کی تعمیر کیلئے عدالت کے فیصلے اور مسجد کیلئے حکومت کی طرف سے 5 ایکر اراضی دی گئی تھی ۔ ٹرسٹ کو مسجد کا نقشہ تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اس علاقہ میں مسجد کے ساتھ ایک دواخانہ اور انڈو اسلامک ریسرچ سنٹر کے علاوہ کمیونٹی کچن بھی تعمیر کیا جائے گا ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر ایس ایم اختر اس کی نگرانی کررہے ہیں ۔ وہ ڈپارٹمنٹ آف آرکیٹکچر کے چیرمین ہیں ۔ مسجد کے نقشہ کے مطابق جو 15 ہزار مربع فٹ اراضی پر تعمیر کی جائے گی اس مسجد کو عصری بنایا جارہا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ مسجد کی عمارت کا نقشہ زیتون کے پھل مانند ہوگا ۔ چھت پر ایک گنبد بنایا جائے گا جو شفاف ہوگا ۔ مسجد میں سولار پیانل بھی نصب کیا جائے گا ۔