ایّر اور پنت کی نصف سنچریاں، ہندوستان 287/8

   

چینائی۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹاس جیت کر بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے اپنے نوجوان بیٹسمنوں شریاس ایّر اور وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز اسکور کئے ہیں۔ امید کی جارہی تھی کہ آخری ٹوئنٹی 20 میں جس طرح تیز رفتار بیٹنگ کی گئی تھی، وہی انداز ہندوستانی اوپنرس پہلے ونڈے میں بھی اپنائیں گے، لیکن ویسٹ انڈیز کے بولر خاص کر شلٹن کوٹریل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارحانہ اوپنرس کے ایل راہول اور روہت شرما کو کافی باندھ کر رکھا۔ 21 کے مجموعی اسکور پر راہول جب آؤٹ ہوئے تو انہوں نے 15 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے صرف 6 رنز اسکور کئے جبکہ 25 کے مجموعی اسکور پر ویراٹ کوہلی بھی چار گیندوں میں ایک چوکا لگاکر کٹریل کی بولنگ پر بولڈ ہوئے۔ بعدازاں روہت شرما بھی 80 کے مجموعی اسکور پر جوزف کی بولنگ پر پولارڈ کو کیچ دے بیٹھے۔ شرما آؤٹ ہونے سے قبل 56 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر میں ایّر نے 88 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 جبکہ پنت نے 69 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 رنز اسکور کئے۔ علاوہ ازیں جئے دیو نے 40 اور جڈیجہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ویسٹ انڈیز کیلئے کٹریل نے 46 رنز کے عوض دو جبکہ کیموپال اور جوزف نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پولارڈ نے 4 اوورس میں 28 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تادم تحریر ہندوستان نے بھی ویسٹ انڈیز کو نہ صرف محتاط آغاز پر مجبور کیا ہے بلکہ 7 اوورس میں 27 رنرپر ایک وکٹ بھی حاصل کرلی تھی ۔ہندوستان کے لئے پہلی کامیابی چہرنے دلوائی جنہوںنے سنیل امبریس کوآوٹ کیا۔