ایٹالہ راجندر آئندہ ہفتہ دہلی پہونچکر بی جے پی میں شامل ہوں گے

   

ٹی آر ایس قیادت نے 2018 کے اسمبلی انتخابات میں
انہیں شکست دینے کی سازش کی تھی
حیدرآباد :۔ اسمبلی اور ٹی آر ایس کی رکنیت سے مستعفی ہونے والے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتہ دہلی پہونچکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیونسٹ اور سیکولر نظریات کو ماننے والے ہیں ۔ لیکن حالت نے انہیں بی جے پی میں جانے کے لیے مجبور کردیا ہے ۔ وہ اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس سے ملاقات کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا مکتوب پیش کردیں گے ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ان سے زیادہ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کی توہین کی گئی ۔ کئی سابق ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس قیادت نے نظر انداز کردیا ہے ۔ بیشتر ناراض قائدین ان سے رابطے میں ہیں ۔ سابق وزیر نے کہا کہ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں انہیں حضور آباد سے شکست دینے کی سازش کی گئی تھی لیکن وہ عوام کی تائید سے کامیاب ہوگئے ۔ ابھی سے ٹی آر ایس قیادت نے حضور آباد اسمبلی حلقہ پر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ 50 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ان کی دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات ہوئی ہے ۔ امیت شاہ سے صرف ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے ۔ وہ دہلی میں جب بی جے پی کے سینئیر قائدین سے ملاقات کی تھی تب ٹی آر ایس کے بی جے پی سے تعلقات پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ پوری طرح مطمئن ہونے کے بعد ہی بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے سابق ارکان اسمبلی ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لیے تیار ہیں ۔۔