ایٹالہ راجندر اپولو ہاسپٹل میں شریک

   

Ferty9 Clinic

ڈاکٹروں نے بتایا ان کی صحت مستحکم ہے۔ بی جے پی قائدین نے عیادت کی

حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) ناسازی صحت کے باعث درمیان میں پدیاترا روک دینے والے بی جے پی کے قائد سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو آج صبح ان کے ارکان خاندان نے جوبلی ہلز کے اپولو ہاسپٹل میں شریک کرادیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کے مختلف معائنہ کئے اور بتایا کہ ایٹالہ راجندر کی صحت مستحکم ہے۔ اراضیات پر قبضوں کے الزامات عائد ہونے کے بعد چیف منسٹر نے انہیں کابینہ سے برطرف کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے حضورآباد کے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کیلئے 19 جولائی سے پدیاترا کا آغاز کیا تھا۔ ایٹالہ راجندر نے 23 دنوں کے دوران 350 کیلو میٹر تک پدیاترا کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا تاہم 12 دن تک انہوں نے 70 مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے 222 کیلو میٹر تک پدیاترا کی ہے جس کے بعد ان کی صحت بگڑ گئی ان کے پیروں میں چھالے پڑ گئے۔ آکسیجن اور بی پی ڈاؤن ہوگیا۔ ڈاکٹروں کی ہدایت پر آج انہیں اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے بی جے پی کے قائدین ڈی کے ارونا۔ جی ویویک اور دوسروں نے ہاسپٹل پہنچ کر ایٹالہ راجندر کی عیادت کی بعدازاں بنڈی سنجے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہاسپٹل پہنچ کر ایٹالہ راجندر سے ملاقات کرنے کی کوشش نہ کریں وہ جلداز جلد صحتیاب ہوں گے اور دوبارہ اپنی پدیاترا کا آغاز کریں گے۔