حیدرآباد : ریاستی وزیر سیول سپلائیز گنگولہ کملاکر نے سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو بکری کے بھیس میں شیر قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سنسنی خیز الزام عائد کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گنگولہ کملاکر نے کہا کہ ایٹالہ راجندر حضور آباد جانے پر اپنے آپ کو بی سی اور حیدرآباد میں او سی کہلانا پسند کرتے ہیں۔ وہ ذات پات کا کارڈ استعمال کرتے ہوئے سیاسی کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اراضیات پر جو قبضہ کیا ہے اس سے عوام کو توجہ ہٹانے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کر رہے ہیں ۔ ایٹالہ راجندر کی سیاسی زندگی چیف منسٹر کے سی آر کی مرہون منت ہے ۔ ٹی آر ایس میں ڈسپلن شکنی کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ وزیر سیول سپلائیز نے کہا کہ بی سی طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے ایٹالہ راجندر نے اسمبلی میں کوئی آواز نہیں اٹھائی۔ 2001 ء میں ٹی آر ایس پارٹی تشکیل دی گئی جبکہ ایٹالہ راجندر نے 2003 ء میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ایٹالہ راجندر کو اپنے چھوٹا بھائی تصور کیا اور انہیں عہدے دیئے لیکن انہوںنے تنظیم اور سرکاری اہم عہدوں پر فائز رہتے ہوئے ریاست کی فلاحی اسکیمات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس باوجود پارٹی نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ۔ سوشیل ویلفیر ہاسٹل میں پڑھنے کا دعویٰ کرنے والے ایٹالہ راجندر مختصر عرصہ میں کیسے ہزاروں کروڑ روپئے کے مالک بن گئے ۔ میڈیکل کالج کیسا آیا۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ سے ایٹالہ راجندر اپنی شخصیت سے نہیں بلکہ ٹی آر ایس پارٹی کے پرچم اور کے سی آر کی تصویر سے 6 مرتبہ کامیاب ہوئے۔ ایسے شخص کو چیف منسٹر پر تنقید کرنا زیب نہیں دیتا۔