وزارت صحت کا قلمدان چیف منسٹر کے حوالے۔ گورنر نے احکامات جاری کردیئے
حیدرآباد : ریاست میں بڑی تیزی کے ساتھ سیاسی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ 100 ایکر اراضی پر قبضہ کرنے کے سنسنی خیز الزامات کا سامنا کرنے والے وزیرصحت ایٹالہ راجندر کو چیف منسٹر نے ایک اور جھٹکہ دیتے ہوئے وزارت صحت کا قلمدان چھین لیا۔ ایٹالہ راجندر کے خلاف الزامات عائد ہوتے ہی چیف منسٹر نے ایٹالہ راجندر سے وضاحت طلب کرنے سے قبل تحقیقات کی چیف سکریٹری کو ہدایت دی جس پر سومیش کمار نے تحقیقات کرانے کے احکامات جاری کردیئے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے راج بھون کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر کے پاس موجود وزارت صحت کا قلمدان ان کے حوالے کرنے کی خواہش کی جس پر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے فوری اثر کے ساتھ صحت کا قلمدان چیف منسٹر کے سی آر کے حوالہ کردیا اور احکامات جاری کردیئے۔ ذرائع سے پتہ چلاہیکہ چیف منسٹر کی ہدایت کے بعد آج صبح سے محکمہ مال اور ویجلس کے عہدیداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔ متاثرہ کسانوں سے ملاقات کرکے بات چیت کی تھی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ ابتدائی رپورٹ میں اراضیات پر قبضہ کے الزامات درست ثابت ہوئے جس کی اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر نے گورنر کو مکتوب روانہ کیا۔