ہریش راؤ کی حضور آباد میں طوفانی انتخابی مہم ، ووٹ کے ذریعہ بی جے پی کو دفن کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ایٹالہ راجندر پر چیف منسٹر کے سی آر کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ووٹ کی طاقت سے حضور آباد میں بی جے پی کو دفن کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ ہریش راؤ نے حضور آباد میں پارٹی امیدوار جی سرینواس یادو کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے کہا کہ حضور آباد میں ٹی آر ایس کی لہر سے بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر کے حوصلے پست ہوگئے ہیں ۔ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں ۔ ایٹالہ راجندر کی سیاسی زندگی کے سی آر کی مرہون منت ہے ۔ چیف منسٹر نے ایٹالہ راجندر کو فرش سے عرش تک پہونچایا جس کے بدلے میں ایٹالہ راجندر نے کے سی آر کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے ۔ وزارت میں رہتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے فلاحی اسکیمات کی مخالفت کی ہے ۔ اسمبلی حلقہ حضور آباد کے لیے 4000 ڈبل بیڈ روم مکانات منظور ہوئے ہیں ۔ مگر ایٹالہ راجندر نے ایک مکان بھی تعمیر نہ کرتے ہوئے غریب عوام سے نا انصافی کی ہے ۔ اگر حضور آباد کے عوام ٹی آر ایس کے امیدوار کو کامیاب بناتے ہیں تو وہ اس حلقہ کی ترقی کی ذمہ داری قبول کریں گے ۔ ہر ماہ ایک مرتبہ حضور آباد کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے بی جے پی کو فرقہ پرست اور جھوٹی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 15 لاکھ روپئے کسی بھی شہری کے بینک اکاونٹ میں جمع نہیں ہوئے ۔ سالانہ 2 کروڑ کے حساب سے 14 کروڑ ملازمتیں فراہم نہیں کیے گئے جو لوگ روزگار سے وابستہ تھے انہیں بیروزگار بنایا گیا ہے ۔ جب کہ تلنگانہ میں 7 سال کے دوران 1.30 لاکھ سرکاری ملازمتیں اور تقریبا 12 لاکھ خانگی شعبہ میں ملازمتیں فراہم کئے گئے ہیں ۔ بہت جلد مزید 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے جائیں گے ۔ پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ ان سب کے لیے بی جے پی ذمہ دار ہے ۔۔ ن