ایٹالہ راجندر کا چیف منسٹر کو تحریر کردہ مکتوب ، سوشیل میڈیا میں وائرل

   

مکتوب کے واقعی اصلی یا پھر فرضی ہونے پر تجسس برقرار ، مبینہ مکتوب میں غلطی کا اعتراف
حیدرآباد ۔ مجھے معاف کردو بھائی غلطی ہوگئی ۔ ایک موقع فراہم کرنے کا التجا کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کو ایٹالہ راجندر کی جانب سے تحریر کردہ مکتوب سوشیل میڈیا میں وائرل ہورہا ہے ۔ وائرل ہونے والے اس مکتوب میں ایٹالہ راجندر نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے اور اجلاس طلب کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ جس میں ضلع پداپلی کے چند قائدین کی شرکت کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور یہ بھی تحریر کیا گیا ہیکہ کے سی آر نے انہیں اُنگلی پکڑ کر چلنا سکھایا ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس مکتوب میں تاریخ درج نہیں ہے۔ ایٹالہ راجندر کا چیف منسٹر کو تحریر کردہ مکتوب حقیقی اور اس کا آفشاء ہوا ہے یا اس طرح کا فرضی مکتوب تیار کیا گیا ہے یہ ابھی قطعیت سے نہیں کہا جاسکتا اور اس پر تجسس برقرار ہے ۔ مگر فی الحال یہ مکتوب سوشیل میڈیا میں وائرل ہو رہا ہے ۔ مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ ایٹالہ راجندر نے چیف منسٹر کے ساتھ 20 سالہ دوستانہ تعلقات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے ۔ کے سی آر کے ساتھ کام کرتے ہوئے وہ سیاسی اور شخصی طور پر بہت کچھ سیکھ چکے ہیں ۔ پارٹی میں مجھے کئی عہدے اور مواقع فراہم کئے گئے جس کو میں کبھی بھول نہیں سکتا ۔ کے سی آر کے موقع سے ہی وہ حضورآباد سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔تحریک کے دوران آپ کے ساتھ پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی کے دوستانہ تعلقات تھے پھر بھی آپ نے مجھے قائد اپوزیشن بنایا تھا ۔ میری حوصلہ افزائی کی مجھے بھائی کی طرح قبول کیا ۔ اگر آپ کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی نہ ہوتی تو میں آج اس مقام پرنہیں پہونچ سکتا تھا ۔ دو مرتبہ مجھے وزارت میں شامل کیا گیا ۔ مگر کل سے جو واقعات پیش آرہے ہیں اس سے مجھے کافی تکلیف پہونچی ہے ۔ کل میرے خلاف چند چیانلس میں خبریں آنے پر مجھے صدمہ ہے ۔ میں نے چند جو کام کئے ہیں وہ غلط ہیں جس کا میںاعتراف کرتا ہوں ۔ مگر چند لوگوں نے مجھے گمراہ کیا ہے۔ لیکن مجھے آپ پر اور پارٹی پر کافی بھروسہ ہے۔ بنگلور اور پونے کے علاوہ چند مقامات پر جو اجلاس طلب کرچکے ہیں چند افراد کی گمراہی کا نتیجہ ہے ۔ میں آپ کو اور پارٹی کو پریشان کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا تھا ۔ مجھ سے چند غلطیاں ہوئی ہیں جس کا اعتراف کرتا ہوں ۔ چھوٹا بھائی سمجھ کر ایک اور موقع دیں ۔ وہ امید کرتے ہیں کہ انہیں معاف کردیا جائیگا ۔ آئندہ پارٹی کا وفادار رہونگا ۔ یہی بات اسمبلی میں ( رامو ) کے ٹی آر کو بتاچکے ہیں جس پر وہ قائم رہیں گے ۔