ایٹالہ راجندر کو پارٹی میں شامل ہونے شرمیلا کی دعوت

   

حیدرآباد ۔ وائی ایس شرمیلا نے سابق ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کو وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ ایٹالہ راجندر مقدمات سے ڈر کر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ٹی آر ایس سے علیحدہ ہونے پر مقدمات درج کرنا عام بات ہے اسی طری مقدمات سے ڈر کر بی جے پی میں شامل ہونا عام بات ہے۔ لوٹس پونڈ میں ریاست کے 33 اضلاع کے پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر سے ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ اگر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی میں شامل ہوتے ہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے نام پر پارٹی رہے گی۔ انہوں نے پارٹی نشان ٹیبل کی تشہیر کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان کے انتخاب پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی فیصلہ کیا گیاہے۔ شرمیلا نے کہا کہ عوام کی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی پارٹی کے ضابطہ اصول تیار کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے چیف منسٹر کے سی آر نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ہے۔ کورونا سے نمٹنے میں کے سی آر پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ شرمیلا نے کہا کہ تلنگانہ میں فلاح و بہبود کے لئے اور غریب عوام کی آواز بننے کے لئے وہ نئی سیاسی پارٹی تشکیل دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر پارٹی کے لئے محنت کرنے والے کارکنوں کو مستقبل کا لیڈر بنائیں گی۔ عوام کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرکے ان کے چہروں پر مسکراہٹ کو لوٹائیں گی۔