ایٹالہ راجندر کی راجہ سنگھ سے ملاقات، معطلی کی برخواستگی کا تیقن

   

بی آر ایس میں شمولیت کی تردید، ہائی کمان کے رویہ سے رکن اسمبلی ناراض
حیدرآباد۔/19 جولائی، ( سیاست نیوز) گوشہ محل کے معطل شدہ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی بی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کے دوران انتخابی مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین ایٹالہ راجندر نے آج ملاقات کی اور عنقریب معطلی ختم کئے جانے کا تیقن دیا۔ راجہ سنگھ نے گذشتہ دنوں وزیر فینانس ہریش راؤ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ان کی بی آر ایس میں شمولیت کی افواہیں گشت کرنے لگیں۔ ایٹالہ راجندر کی راجہ سنگھ سے ملاقات ان افواہوں کی تردید کرنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راجہ سنگھ نے ایٹالہ راجندر سے ہائی کمان کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ بنڈی سنجے کی جانب سے معطلی ختم کرنے کی سفارش کے باوجود ہائی کمان نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ راجہ سنگھ نے گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں بی جے پی قائدین اور کارپوریٹر کے خلاف پولیس کی جانب سے مقدمات درج کرنے کی شکایت کی ہے۔ راجندر نے تیقن دیا کہ وہ معطلی ختم کرنے کیلئے ہائی کمان سے نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال اگسٹ میں پارٹی نے اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں گستاخانہ بیانات پر پارٹی سے معطل کردیا تھا۔ راجہ سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راجندر نے تیقن دیا کہ بی جے پی ان کے ساتھ ہے اور پولیس مقدمات سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ راجہ سنگھ نے اگرچہ معطلی کے مسئلہ پر بات چیت کی تردید کی لیکن ایٹالہ راجندر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ معطلی کا مسئلہ پارٹی ہائی کمان کے پاس ہے اور جلد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ راجہ سنگھ نے واضح کیا کہ وہ بی جے پی میں برقرار رہیں گے۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں ہریش راؤ سے ملاقات کی تھی۔ راجندر نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس حکومت بی جے پی کارکنوں کو مقدمات کے ذریعہ ہراساں کررہی ہے۔ر