ریونت ریڈی کی سیکوریٹی میں اضافہ کا امکان
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی سیکوریٹی کو کم کردیا ہے ۔ ٹی آر ایس سے استعفیٰ اور بی جے پی میں شمولیت کے بعد ایٹالہ راجندر کو وزیر کی حیثیت سے دی گئی سیکوریٹی میں کمی کردی گئی ۔ بتایاجاتا ہے کہ راجندر کے پاس 4+4 گن مین تھے جنہیں گھٹاکر 1+1 کردیا گیا ہے ۔ انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے قائدین کی سیکوریٹی کا وقتاً فوقتاً جائیزہ لیا جاتا ہے اور خطرہ کے امکانات کے مطابق سیکوریٹی فراہم کی جاتی ہے ۔ جس وقت راجندر وزیر تھے ، انہیں سیکوریٹی گاڑی کے علاوہ چار گن مین فراہم کئے گئے تھے ۔ کابینہ سے برطرفی کے بعد سیکوریٹی کو گھٹاکر دو کردیا گیا تھا۔ رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کے بعد راجندر کی سیکوریٹی دو سے گھٹاکر صرف ایک کردی گئی ہے ۔ عام طور پر رکن مقننہ کو 2+2 گن مین سیکوریٹی فراہم کی جاتی ہے۔ اب چونکہ راجندر ایم ایل اے نہیں رہے ، لہذا انہیں سابق ارکان اسمبلی کی طرح صرف ایک گن مین فراہم کیا گیا ہے۔ پولیس نے سیکوریٹی میں کمی کے فیصلہ کو معمول کی کارروائی قرار دیا اورکہا کہ یہ کوئی سیاسی فیصلہ نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی کی موجودہ سیکوریٹی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ کانگریس نے انہیں پردیش کانگریس کا صدر مقرر کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر کی حیثیت سے ان کی سیکوریٹری میں اضافہ کیا جائے گا ۔