ایٹالہ راجندر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی

   

Ferty9 Clinic

دواخانہ نمس میں شریک، پدیاترا چند دن روکنے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد۔ /30 جولائی، ( سیاست نیوز) سابق وزیر ایٹالہ راجندر کو اچانک طبیعت بگڑنے پر حیدرآباد کے نمس ہاسپٹل پنجہ گٹہ میں شریک کردیا گیا۔ راجندر جو حضورآباد میں پدیاترا کررہے ہیں آج بخار میں مبتلاء ہوگئے اور پیروں میں سوجن آگئی۔ طبیعت میں خرابی اور پیدل چلنے میں دشواری پر ڈاکٹرس نے معائنہ کیا اور ہاسپٹل منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ حیدرآباد کے نمس میں ڈاکٹرس کی ٹیم کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راجندر کی آکسیجن کی سطح میں گراوٹ درج کی گئی ۔ ڈاکٹرس نے چند دن تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔ پرجا دیونا پدیاترا کے تحت کسی وقفہ کے بغیر روزانہ پیدل چلنے سے بخار آگیا اور راجندر کو اپنی پدیاترا چند دن کیلئے روکنی پڑے گی۔ بی جے پی میں شمولیت کے بعد راجندر حضور آباد میں انتخابی مہم کا عملاً آغاز کرچکے ہیں۔ راجندر کے قریبی ذرائع کے مطابق کونڈا پاک منڈل میں پدیاترا کے دورن راجندر نے کمزوری محسوس کی۔ پدیاترا میں شامل بس میں ڈاکٹرس نے معائنہ کیا جس پر بلڈ پریشر میں کمی اور شوگر میں اضافہ درج کیا گیا۔ نمس میں راجندر کو گلوکوز کے ذریعہ دوائیں دی جارہی ہیں ۔ ڈاکٹرس کے مطابق راجندر کی حالت اطمینان بخش ہے۔ بی جے پی قائدین عیادت کے لئے نمس پہنچ رہے ہیں۔