ایٹالہ راجندر کی پدیاترا کا آغاز ، قتل کی سازش تیار کرنے کا الزام

   

Ferty9 Clinic

23 دن تک 270 کلو میٹر پدیاترا کرنے کا عزم، حکومت کی الٹی گنتی شروع ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سابق ریاستی وزیر و بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر نے آج سے حضور آباد اسمبلی حلقہ میں پدیاترا کا آغاز کرتے ہوئے انہیں قتل کرنے کی سازش تیار کرنے کی مقامی ریاستی وزیر پر سنسنی خیز الزام عائد کیا اور یہ بھی کہا کہ اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے غیر سماجی عناصر سے ہاتھ ملانے کا بھی علم ہوا ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے آج سے اسمبلی حلقہ حضور آباد میں پدیاترا کا آغاز کیا ۔ ان کی پدیاترا 23 دن تک جاری رہے گی جو 107 گرام پنچایتوں کے حدود میں شامل 127 گاؤں کا احاطہ کرے گی اور ایٹالہ راجندر 270 کلو میٹر تک پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے پدیاترا کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں شکست کے خوف سے حکمران ٹی آر ایس پارٹی غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے ۔ ان کے حامیوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور متحدہ ضلع کریم نگر کی نمائندگی کرنے والے ایک ریاستی وزیر انہیں قتل کرنے کی سازش تیار کی ہے اور غنڈہ عناصر کی تائید حاصل کرنے کی بھی انہیں اطلاعات ملی ہیں ۔ وہ اس سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ کے سی آر کی غیر جمہوری حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اسمبلی حلقہ حضور آباد سے ہی کے سی آر کی اُلٹی گنتی کا آغاز ہوگا ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ان کی پدیاترا میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ان کی تائید کرنے والے عوام اور حامیوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔ سرکاری حکام کی ذمہ داری ہے کہ ان کی پدیاترا کو جاری رکھنے میں غیر جانبدارانہ رول ادا کریں ۔ اگر پدیاترا میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہونے کا انتباہ دیا ۔ بی جے پی کے قائد نے کہا کہ سال 2018 کے عام انتخابات میں ہی انہیں شکست دینے کی کوشش کی گئی ۔ وہ عزت نفس کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور اس لڑائی میں انہیں اسمبلی حلقہ حضور آباد کے عوام کی مکمل تائید حاصل ہے ۔۔