حیدرآباد: سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے مختلف گوشوں سے اپنی تائید کے حصول کے تحت ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ راجندر نے ورنگل ایسٹ کی سابق رکن اسمبلی و کانگریس قائد کونڈہ سریکھا سے ملاقات کی ۔ کونڈہ سریکھا اور ان کے شوہر کونڈہ مرلی ورنگل میں خاصا اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور اس جوڑے کی جانب سے راجندر کی تائید کی صورت میں ضلع میں ٹی آر ایس کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ راجندر اور کونڈہ سریکھا نے ریاست کی موجودہ صورتحال اور خاص طور پر کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی پر تبادلہ خیال کیا ۔ راجندر نے حالیہ عرصہ میں رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس ، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق ایم پی کونڈہ وشویشور ریڈی کے علاوہ پسماندہ طبقات اور دلت تنظیموں کے قائدین سے ملاقات کی تھی ۔ دوسری طرف ٹی آر ایس نے حضورآباد میں راجندر کے حامیوں پر نگرانی کڑی کردی ہے۔ مجالس مقامی سے تعلق رکھنے والے راجندر کے حامیوں کو ریاستی وزراء ربط قائم کرکے سابق وزیر کی تائید سے گریز کا مشورہ دے رہے ہیں۔ رجندر نے الزام عائد کیا کہ وزیر بی سی ویلفیر ، جی کملاکر ان کے حامیوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکی دے کر ہراساں کر رہے ہیں۔