20 کروڑ خرچ کرنے کی تیاری، راجندر کی اہلیہ جمنا کے سنسنی خیز الزامات
حیدرآباد۔/27 جون، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کی اہلیہ جمنا نے سیاسی حلقوں میں یہ کہتے ہوئے سنسنی دوڑادی ہے کہ بی آر ایس رکن کونسل کوشک ریڈی نے ایٹالہ راجندر کو ہلاک کرنے کی سازش تیار کی ہے۔ اپنی قیامگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شریمتی جمنا نے الزام عائد کیا کہ ایٹالہ راجندر کو ہلاک کرنے کیلئے 20 کروڑ روپئے تک خرچ کرنے کیلئے کوشک ریڈی نے اپنے حامیوں کو بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ کوشک ریڈی بے قابو ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے خاندان کے کسی فرد کا ایک قطرہ خون بھی بہتا ہے تو چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کوشک ریڈی کو پاگل کتا قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک کے جہد کاروں میں ایٹالہ راجندر کا نام سرفہرست آتا ہے۔ کے سی آر نے کوشک ریڈی کو قانون ساز کونسل کا رکن مقرر کرتے ہوئے حضورآباد کے عوام پر مسلط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں پاگل کتے کے مظالم میں اضافہ ہوگیا۔ حضورآباد کے عوام اور خواتین کے خلاف یہ پاگل کتا من مانی حرکتیں کررہا ہے۔ شریمتی جمنا نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کوشک ریڈی کا کوئی وجود نہیں تھا۔ کوشک ریڈی کو شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر جانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے قیام کیلئے وہ جدوجہد کریں گی۔ افتتاحی تختی پر ایٹالہ راجندر کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوشک ریڈی نے تلنگانہ تحریک کے جہد کاروں اور کارکنوں کو مارپیٹ کی تھی۔ یادگار شہیدان تلنگانہ کو نقصان پہنچانے والے شخص کو ایم ایل سی کے عہدہ سے برطرف کیا جائے۔ خاتون گورنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے باوجود کوشک ریڈی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ حضورآباد کو تباہ کرنے کیلئے ریاستی وزیر کے ٹی آر اور کوشک ریڈی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کے طفیل میں کوشک ریڈی کو ایم ایل سی کی نشست حاصل ہوئی۔ حضورآباد کے معاون سرپنچ پر کوشک ریڈی نے فرضی مقدمات درج کروائے۔ ایک سوال کے جواب میں شریمتی جمنا نے کہا کہ ایٹالہ راجندر پر بی جے پی چھوڑنے سے متعلق اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں ۔ وہ بی جے پی میں مطمئن ہیں اور انہیں اہمیت نہ دینے کی باتیں گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ شریمتی جمنا نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کو ہلاک کرنے کی دھمکیوں سے وہ خوفزدہ نہیں ہوں گی۔ اس سازش کے پس پردہ کے سی آر ہیں۔ر