ایٹہ۔ عالمی وبا کورونا وائرس پر کنٹرول حاصل کر نے کے لئے ریاست گیر کورونا کرفیو کی مدت 31مئی تک بڑھائے جانے کی مخالفت میں اتوار کو یہاں کاروباریوں نے تھالی بجا کر احتجاج کیا۔ ریاست میں 31مئی تک کورونا کرفیو میں توسیع کے بعد ایٹہ کے کاروباری سڑک پر اترآئے ۔ انہوں نے جلوس نکال کر، تالی اور تھالی بجا کر ریاستی حکومت کے لاک ڈاؤن بڑھانے کے فیصلہ کی مخالف کی۔کاروباریوں نے کہا کہ سرکار شراب کی دوکانیں کھول کر اپنا خزانہ تو بھررہی ہے لیکن کاروباریوں کی دوکانیں بند کروارہی ہے ۔ ایٹہ ادیوگ ویاپا منڈل کے صدر اتل راٹھی نے کہاپہلے حکومت نے ہم سے کورونا بحران میں لاک ڈاون نافذ کرنے کی حمایت میں تالی اور تھالی بجوائی تھی آج کاروباری لاک ڈاؤن بڑھانے اور کاروباریوں کی دوکانیں بند کروانے کے سلسلے میں حکومت کیخلاف تالی اور تھالی بجاکر اپنا احتجاج درج کرارہے ہیں۔