ایپل چین میں سیلاب سے نمٹنے میں کرے گی مدد

   

بیجنگ: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل چین کے بیجنگ اور ہیبئی صوبوں میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے میں مدد کرے گی۔کمپنی کے سربراہ ٹم کک نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘بیجنگ اور اس کے آس پاس کے صوبہ ہیبئی میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے تئیں ہماری ہمدردیاں ہیں۔ ایپل کمپنی سیلاب کی امدادی کوششوں میں عطیہ کرے گی۔’’میڈیا نے بیجنگ فلڈ پریونشن اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ شہر میں شدید بارشوں سے مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی، جب کہ صوبہ ہیبئی میں مزید نو افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی دارالحکومت کے 13 اضلاع میں موسلا دھار بارش سے کل 44,673 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ بیجنگ میں مختلف علاقوں میں پھنسے تقریباً 127,000 افراد کو نکال لیا گیا ہے ۔حکام نے بتایا کہ سیلاب کا خطرہ اب بھی برقرار ہے ۔ آفت سے ہونے والے معاشی نقصان کا ابھی اندازہ لگایا جا رہا ہے ۔