جموں: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایپ ٹیک معاملے پر کہا کہ جو معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہوگا اس پر رائے زنی کرنا عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین اس کی اجازت نہیں دیتا ہے ۔ان باتوں کا اظہار ایل جی منوج سنہا نے جموں میں نامہ نگاروں کے ساتھ مختصر بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ایپ ٹیک معاملہ چونکہ عدالت میں زیر سماعت ہے لہذا اس پر رائے زنی نہیں کی جاسکتی ۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ سے جموں وکشمیر انتظامیہ کی طرف سے ممبئی نشین کمپنی ایپ ٹیک کے ذریعے نوکریوں کے امتحانات منعقد کرانے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی تازہ عرضی کی شنوائی کرنے کو کہا ہے ۔ سنگل بینچ نے پہلے معاہدہ منسوخ کردیا تھا لیکن ڈویژن بینچ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عبوری ہدایات کو برقرار رکھا۔ڈویژن بینچ نے معاملے پر نئے سرے سے غور کرنے کے لئے عرضی کو دوبارہ عدالت میں بھیج دیاہے ۔