ایچ آئی ای کا ٹیالنٹ سرچ پروگرام ٹسٹ کا انعقاد

   

35 امیدوار فائنل راؤنڈ کیلئے منتخب، 23 نومبر کو دوسرا ٹسٹ، محترمہ عائشہ خانم کلکٹر کا دورہ

حیدرآباد۔/17 نومبر، ( پریس نوٹ ) حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس ( ایچ آئی ای ) جو کہ ایک منفرد ریزیڈنشیل انٹر میڈیٹ کالج ہے جہاں انٹر میڈیٹ کے ساتھ آئی آئی ٹی، میڈیکل ، سی اے اور ایل ایل بی میں داخلہ کیلئے انٹیگریٹیڈ کوچنگ فراہم کرتا ہے ۔ ایچ آئی ای نے 17نومبر کو وقارآباد کیمپس میں پہلا ٹیالنٹ سرچ پروگرام ٹسٹ منعقد کیا جس میں جملہ 302 امیدواروں نے شرکت کی جس میں 35امیدواروں کو فائنل راؤنڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ نے واضح کیا کہ غیاث الدین بابو خاں چیاریٹبل ٹرسٹ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق امیدواروں کا انتخاب ایچ آئی ای سیٹ میرٹ کے علاوہ ایس ایس سی میں جی پی اے میرٹ کی بنیاد پر دستاویزات کی تنقیح کے بعد کیا جاتا ہے ۔ کلکٹر وقارآباد محترمہ عائشہ خانم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی سخت محنت کے ذریعہ ایس ایس سی میں میرٹ کی بنیاد پر کامیابی کے بعد فائنل انٹرویو میں انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ کیمپس کا دوسری مرتبہ دورہ کررہی ہیں اور بتایا کہ ڈین کی مساعی کے ذریعہ غریب میرٹ طلبہ کی بھرپور مدد کے ذریعہ سماج کی بہترین خدمات انجام دہی سے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈائرکٹر مسٹر جاویدھوڈ نے بتایا کہ ایچ آئی سی سیٹ ۔ 2020 ٹسٹ کا دوسرا راؤنڈ 23 نومبر کو میدک، محبوب نگر اور حیدرآباد کے طلبہ کیلئے یونیٹی سنٹر سکندرآباد امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔ انہوں نے طلبہ اور اولیائے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ ایک اہم ترین جونیر کالج میں داخلہ کیلئے ٹسٹ میں شرکت کریں۔ ڈائرکٹر نے مزید بتایا کہ ایچ ای ایچ نے آئی آئی ٹی مین، ایم بی بی ایس ، آرکٹیکچر اور سی اے میں اہم ترین کامیابی حاصل کی ہے جبکہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے غریب ایس ایس سی میرٹ طلبہ کو فری تعلیم فراہم کررہا ہے۔ تعلیمی سال 2020 میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں چھ راؤنڈ کے بعد کالج میں 150 نشستوں پر داخلہ کو قطعیت دی جائے گی۔