میڈیکل اسٹاف کی مساویانہ تقسیم کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے تبادلے
حیدرآباد۔ /8 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایچ آئی وی، لپریسی اور ٹی بی ٹسٹنگ سنٹرس پر کام کرنے والے چند ڈاکٹروں کی موج مستی اور چھٹیوں جیسی آرام دہ ڈیوٹی بہت جلد ختم ہوجائے گی کیونکہ حکومت نے ایک طویل عرصہ سے تمام اضلاع میں مریضوں کی کم تعداد کے باوجود کارکرد ان ٹسٹنگ سنٹرس کو بند کرنے کا فیصلہ کی ہے۔ جہاں تقریباً مہینہ بھر بہت ہی کم کام رہا کرتا تھا۔ چنانچہ اسٹاف ڈیوٹی کے طور پر صرف وقت گذاری کرتا تھا۔ جس کے نتیجہ میں نہ صرف انسانی وسائل بلکہ عوامی فنڈس ضائع ہورہے تھے۔ بعض ڈاکٹرس ایسے سنٹرس پر تعینات کیلئے سفارشات لایا کرتے تھے کیونکہ انہیں ایک تو کوئی کام نہیں رہتا تھا دوسرا یہ کہ وہ اپنی خانگی پریکٹس پر زیادہ وقت اور توجہ مرکوز کررہے تھے۔ انسانی وسائل اور عوامی فنڈس کی ایک معمولی مثالی کے طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ ضلع وقارآباد میں واقع ایسے ہی ایک ٹی بی سنٹر کو چلانے کے لئے محکمہ صحت پر ماہانہ تقریباً دو کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوا کرتے ہیں ۔ چنانچہ اب محکمہ صحت نے ان ڈاکٹروں اور اسٹاف کی مساویانہ تقسیم اور ابتدائی طبی مراکز( پی ایچ سیز ) پر تعینات کرتے ہوئے اس کا موثر استعمال کرنا چاہتا ہے۔