ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس کو مضافات کے سیوریج بورڈ کی ذمہ داری

   

حیدرآباد ۔ یکم / جنوری (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقوں میں سیوریج نظام کی دیکھ بھال کی ذمہ داری حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ ( ایچ ایم ڈبلیو اینڈ ایس ایس) کے حوالے کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں حکومت نے احکامات بھی جاری کردیا ۔ تاحال کور ایریاس میں سیوریج سسٹم کی ذمہ داری نبھانے والا واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ اب سے گریٹر حیدرآباد کے تمام علاقوں کی ذمہ داری کو نبھائے گا جس سے بلدیہ گریٹر حیدرآباد کی جانب سے واٹر بورڈ کو ماہانہ 8.33 کروڑ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ 2007 ء میں گریٹر حیدرآباد کے قیام کے بعد گریٹر کے تحت آنے والے مختلف میونسپلٹیز جیسے اپل ، ایل بی نگر ، راجندر نگر ، شیر لنگم پلی ، کاپرا ، الوال ، ملکاجگری ، پٹھان چیرو ، قطب اللہ پور کو گریٹر حیدرآباد میں ضم کیا گیا تھا ۔ ان تمام میونسپلٹیز میں سیوریج سسٹم کی ذمہ داری بلدیہ کے ذمہ تھی اور قدیم مجلس بلدیہ حیدرآباد کی حدود میں یہ کام حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ انجام دے رہا تھا ۔ علاوہ ازیں ان میونسپلٹیز میں سربراہی آب کی ذمہ داری بھی واٹر بورڈہی نبھارہا تھا ۔ تاہم متعدد مسائل درپیش ہونے کی وجہ سے مضافاتی علاقوںکے سیوریج سسٹم کی ذمہ داری واٹر بورڈ کو سونپی گئی ہے اور بلدیہ کے وہ ملازمین جو سیوریج سسٹم کے تحت برسرخدمت تھے اب انہیں واٹر بورڈ کے حوالے کردیا جائے گا ۔