ایچ ایم ڈی اے حدود میں عمارتوں کی اجازت میں تاخیر پر چیف منسٹر کی ناراضگی،ذخائر آب کے سروے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں ہمہ منزلہ عمارتوں، گیٹیڈ کمیونٹیز اور دیگر پراجکٹس کو اجازت کی اجرائی میں تاخیر پر ناراضگی جتائی۔ ’بلڈ ناؤ اسکیم‘ کے تحت عاجلانہ منظوری کے فیصلے کے باوجود ایچ ایم ڈی اے حکام کی جانب سے تاخیر کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایچ ایم ڈی اے سکریٹری کے ایلمبرتی کو ہدایت دی کہ وہ اجازت ناموں کی اجرائی میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں سے متعلق کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ حکومت کارکردگی میں کسی بھی تساہل کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں واقع تالابوں، کنالس اور دیگر ذخائر آب کا سروے جلد مکمل کرتے ہوئے تنازعات کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ سکریٹری ایچ ایم ڈی اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ جی ایچ ایم سی، حیڈرا اور آبپاشی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تعمیراتی منظوریوں کو جاری کریں۔ کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن اور کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کے علاوہ دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ 1