حیدرآباد 20 جنوری ( سیاست نیوز ) اپنی خصوصی مہم کو جاری رکھتے ہوئے آج مسلسل چوتھے دن ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے 12 غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کردیا گیا ۔ ایچ ایم ڈی اے اور ضلع ٹاسک فورس نے یہ مشترکہ کارروائی کی ۔ بتایا گیا کہ غیر مجاز تعمیرات اور گوداموں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اور آج جمعرات کو 12 تعمیرات کو منہدم کیا گیا جو پانچ میونسپلٹیز کے حدود میں واقع تھیں۔ گذشتہ چار دن کے دوران ایچ ایم ڈی اے اور ضلع ٹاسک فورس کی جانب سے جملہ 45 ایسی عمارتوں کو منہدم کردیا گیا ۔ آج ترکایمجال ‘ نارسنگی ‘ شمس آباد اور کتور میونسپلٹیز کے حدود میں انہدامی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے گذشتہ چار دن سے یہ مہم جاری ہے جس میں ایسی عمارتوں کو منہدم کیا جا رہا ہے جو بلا اجازت تعمیر کی جا رہی ہیں۔