یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو 10 دن کی مہلت، تعمیری سرگرمیوں میں اضافے کا امکان
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کے حدود میں تعمیری اجازت ناموں کی اجرائی میں تاخیر کی شکایت پر حکام نے عہدیداروں کے لئے 10 دن کی مہلت مقرر کی ہے۔ عہدیداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ تعمیری اجازت ناموں سے متعلق درخواستوں کا جائزہ لینے اور فیصلے کے لئے صرف 10 دن میں تمام مراحل مکمل کرنے میٹروپولیٹین کمشنر سرفراز احمد کے مطابق ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں زیر التواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ اکتوبر کے آخری ہفتہ سے اس مہم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت 30 دن سے زیر التواء درخواستوں کی فوری طور پر یکسوئی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر التواء درخواستوں کے موقف کو جاننے کے لئے ہر ہفتہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے حدود کے کئی بلڈرس اور ڈیولپرس نے شکایت کی ہے کہ تعمیری اجازت اور لے آؤٹ منظوری سے متعلق درخواستوں کی کئی ماہ سے یکسوئی نہیں کی گئی۔ عہدیداروں کے مطابق ایچ ایم ڈی اے کے حدود میں گزشتہ تین ماہ کے دوران درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جون تا اکتوبر ایچ ایم ڈی اے کو 1884 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 1356 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ گزشتہ کے مقابلے درخواستوں کی تعداد میں 39 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جون تا اکتوبر 2332 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 2038 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی تھی۔ عہدیداروں نے کہا کہ جاریہ سال درخواستوں کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں کو اندرون 10 یوم درخواستوں کی یکسوئی کی ہدایت دی گی ہے۔ 1