حیدرآباد۔18ستمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے انتخابات کے لئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کے مکمل پیانل نے آج اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کردیئے ہیں۔ محمد اظہرالدین جو کہ سال 2014 میں ہوئے ایچ سی اے کے انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں ،کو مختلف تنازعات کا شکار بناتے ہوئے ان کے انتخاب میں رکاوٹیں پیدا کردی گئی تھیں لیکن اب بی سی سی آئی کی جانب سے رکاوٹوں کو دور کئے جانے کے جانے کے بعد آج اظہر الدین نے کے صدر کے لئے پرچۂ نامزدگی داخل کیا اور ان کے ہمراہ وکرم مان سنگھ نے نائب صدر‘ مسٹر اجمل اسد نے سیکریٹری ‘ تلنگانہ سرینواس نے خازن ‘ منوہر ریڈی نے جوائنٹ سیکریٹری کے علاوہ مسز یادگیری نے کونسلر کے عہدہ کے لئے پرچۂ نامزدگی داخل کیا ۔ سمپت کمار جو کہ الکٹورل آفیسر ہیں نے ان 6 عہدوں کے لئے اعلامیہ جاری کردیا تھا اسی لئے فوری طور پر ان عہدوں پر انتخابات منعقد کروائے جا رہے ہیں جبکہ بی سی سی آئی نے جملہ 16 عہدیداروں کے انتخاب کی منظوری دی ہے۔ ایچ سی اے میں جاری اختلافات کے سبب گذشتہ 4 برس سے حیدرآباد کو کوئی فنڈس بی سی سی آئی سے حاصل نہیں ہورہے تھے جبکہ سالانہ 40کروڑ فنڈس جاری کئے جانے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ 27 ستمبر کو انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد توقع ہے کہ مکمل رقم وصول ہوجائے گی۔رائے دہندگان میں 217کرکٹ کلبس کے علاوہ 11 انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں جو کہ 27 ستمبر کو ہونے والی رائے دہی میں حصہ لیں گے۔ عدالت کے احکام کے بعد وساکا انڈسٹریز کے کسی ذمہ دار کو حیدرآباد کرکٹ کلب کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دئے جانے کے بعد محمد اظہر الدین کے مخالف گروپ میں کوئی سرکردہ نامور شخصیت نہیں ہے او ر کہا جا رہاہے کہ آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے جتنے لوگ محمد اظہر الدین کے ساتھ پہنچے تھے وہ تعداد کامیابی کیلئے کافی ہے اسی لئے ان کے حامیوں کا کہناہے کہ ان انتخابات میں محمد اظہر الدین کو بھاری اکثریت سے کامیابی متوقع ہے کیونکہ بیشتر کرکٹ کلب کے ذمہ دار آج پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت موجود تھے۔