چیف منسٹر کو ایک بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کی تائید، تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر معاشی جرائم کے دروازے کھولتے ہوئے ریاست میں 3D فلسفے (دھوکہ ۔ تباہی اور خلفشار) پر عمل کرنے کا الزام عائد کیا۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کنچا گچی باؤلی میں ہونے والی ماحولیاتی تباہی کو دیکھ کر پورا ملک حیران رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 400 ایکڑ اراضی جنگلاتی اراضی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر وہ یہ کہہ رہے ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت نے معاشی جرائم کے دروازے کھول دیئے اور 10 ہزار کروڑ روپے کے اسکام کو منظر عام پر لایا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ مکمل تائید و حمایت کررہے ہیں اور ایک بروکریج کمپنی سے رابطہ پیدا کیا گیا ہے۔ ایف آر بی ایم کو نظرانداز کرتے ہوئے رقم ادا کی جائے گی۔ اس کے بعد اراضی فروخت کردینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ اس کے لئے تمام قوانین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں، آر بی آئی کے قواعد کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ ان کی تائید کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کی چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ناجائز طریقہ سے فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بہت جلد وہ اس بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے نام کا بھی انکشاف کریں گے جس نے اس اسکام میں چیف منسٹر کی مکمل مدد کی ہے۔ مکمل ثبوت کے ساتھ مرکز کو بھی مکتوب روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ اس سب کچھ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر فینانس کے علم میں لائے بغیر کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گچی باؤلی کی صرف 400 ایکڑ اراضی نہیں بلکہ 60 ہزار کروڑ کی قدر والی ایچ ایم ڈی اے کی اراضی ہڑپ لینے کا ریونت ریڈی حکومت نے منصوبہ تیار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ 2