حامیوں کے ساتھ بی جے پی ورکرس پر حملہ کا الزام
بنگلورو ۔ 4 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے سورج ریونا اور دیگر 150 افراد کے خلاف ضلع ہاسن میں اقدام قتل اور فساد برپا کرنے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ سابق وزیر ایچ ڈی ریونا کے فرزند سور ریونا نے مبینہ طور پر بی جے پی ورکرس پر حملہ کیا تھا جن میں بی جے پی کے بنگلورو آنند ہوسور کے کارپوریٹر بھی شامل تھے۔ ایچ ڈی ریونا نے ان الزامات کو مستردکردیا اور کہا کہ ان کے فرزند وہاں موجود نہیں تھے۔ انہوں نے بی جے پی پر جھوٹی شکایت کے ساتھ مقدمہ درج کروانے کا الزام عائد کیا۔ بی جے پی ورکر شیوانندا کی شکایت پر رورل پولیس اسٹیشن میں سورج ریونا اور دیگر کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ شیوا نند نے اپنی شکایت میں بتایا کہ وہ اپنے چار دوستوں کے ساتھ ایک اور دوست کے ہاں جارہے تھے کہ سورج ریونا اور 150 تا 200 افراد پر مشتمل گروہ ان کے قریب پہنچ گئے اور ان پر حملہ کردیا۔ یہ واقعہ ہمبی ہیلی گاؤں میں پیش آیا ۔ بی جے پی ورکرس نے الزام عائد کیا کہ ان پر تیز دھار ہتھیاروں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا۔ وہ لوگ اپنی جان بچاکر وہاں سے فرار ہوگئے اور ایک مکان میں پناہ لی۔ شکایت میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ سورج ریونا اور اس کے ساتھیوں نے مکان میں گھس کر دوبارہ ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی افراد کی مداخلت کے بعد وہ لوگ وہاں سے چلے گئے ۔ راستے میں انہوں نے دو کاروں کو نقصان بھی پہنچایا ہے۔ ایچ ڈی ریونا نے ان کے بیٹے کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران آر کے پیٹ اسمبلی حلقہ میں رقم تقسیم کی گئی جس کے خلاف انہوں نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی ۔