نئی دہلی۔25فروری(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے چھ ججس کے
H1N1
فلو سے متاثر ہونے کی خبروں کے درمیان سپریم کورٹ کے ذرائع نے منگل کے روز واضح کر دیا کہ موجودہ وقت میں کوئی بھی جج اس فلو سے متاثر نہیں ہے ۔ عدالت عظمیٰ کے ذرائع نے واضح کیا کہ چھ ججس کے
H1N1
سے متاثر ہونے کے سلسلے میں صورتحال بالکل تشویشناک نہیں ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ چار ججس پہلے صحت مند ہوچکے ہیں اور اپنی اپنی عدالت میں بیٹھے ہیں۔ دومزید ججس بھی ٹھیک ہوچکے ہیں اور ایک دو روز گھر پر رہ کر ازراہِ علاج آرام کر رہے ہیں۔ صبح افواہ پھیل گئی تھی کہ چھ ججس ایک ساتھ بیمار پڑے ہوئے ہیں۔ غور طلب ہے کہ جسٹس چندرچوڈ نے دہلی میں تشدد کے معاملے میں ہونے والی سماعت کے دوران کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے چھ ججس کو فلو ہو گیا ہے لہٰذا کئی مقدمات کی شنوائی نہیں ہو پارہی ہے ۔ جسٹس چندر چوڈ نے وکلاء اور سپریم کورٹ کے اسٹاف کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا ،‘ ہمارے چھ ساتھی ججس
H1N1
فلوسے متاثر ہیں۔ ججز نے چیف جسٹس سے اس تعلق سے بات کی ہے اور ان سے سپریم کے ججس اسٹاف کی ٹیکہ کاری کی ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جسٹس چندرچوڈ نے کہا تھا کہ چیف جسٹس نے اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن کے ساتھ میٹنگ طلب کی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ جسٹس سنجیو کھنہ نے عدالت میں منگل کے روز ماسک پہن کر کام کیا۔