چیسٹ ہاسپٹل کے احاطے میں چیف منسٹر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھیں گے : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ایڈز کے مریضوں کے لیے بہت جلد مفت ڈائیلاسیس مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ ایڈز کے مریضوں کی شرح اموات گھٹانے کے لیے حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ عالمی یوم ایڈز کے موقع پر ایرہ گڈہ چیسٹ ہاسپٹل میں منعقدہ شعور بیداری پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے بارے میں عوام میں مزید شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ایڈز کے مریضوں کو نیچا نہ دکھانے کی عوام سے اپیل کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ شعور بیداری سے اموات کی شرح 90 فیصد تک گھٹ گئی ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں ایڈز کی شرح 0.7 فیصد تھی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد گھٹ کر 0.4 فیصد تک پہونچ چکی ہے ۔ حکومت کی جانب سے 167 آئی سی ٹی سی مراکز اور 22 سرکاری اے آر ٹی مفت علاج کے مراکز کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ ایڈز کے مریضوں کو ماہانہ 2 ہزار روپئے پنشن فراہم کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر حیدرآباد اور ورنگل میں ایڈز کے شوگر سے متاثرین کے لیے مفت ڈائیلاسیس مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ہائی ریسک گروپ سے تعلق رکھنے والوں کو بچانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ایڈز کی لڑائی میں رضاکارانہ تنظیموں کا رول کافی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیسٹ ہاسپٹل کے احاطے میں تعمیر ہونے والے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا چیف منسٹر کے سی آر بہت جلد سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ چیف منسٹر عوام کو مفت میں کارپوریٹ طرز کا علاج فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔۔ ن