ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کی برسرخدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

حکومت کی بدعنوانیوں کو منظر عام پر آنے سے روکنے کیلئے سرکاری قتل ، بنڈی سنجے کا الزام
حیدرآباد : تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کو سرکاری قتل قرار دیتے ہوئے برسرخدمت جج کے ذریعہ اس کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ۔ آج شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے چند پولیس ملازمین کے ذریعہ ایڈوکیٹ ومن راؤ اور ان کی شریک حیات کا قتل کروانے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف ایڈوکیٹ جوڑے کے پاس مکمل ثبوت ہیں اور یہ جوڑا ٹی آر ایس قائدین کی اہم شخصیتوں کی بدعنوانیوں کو منظر عام پر لانے کیلئے قانونی جدوجہد کررہا تھا ۔ اپنی بدعنوانیاں منظر عام پر آجانے کے خوف سے ایڈوکیٹ جوڑے کا کھلے عام بیچ سڑک پر بے رحمانہ انداز میں قتل کیا گیا ہے جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں جن غریب عوام سے ناانصافی ہوئی ہے ان کے حقوق کیلئے ومن راؤ جدوجہد کررہے تھے جس کی وجہ سے انہیں ایک منظم اندازسے راستہ سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ اس ایڈوکیٹ جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کی ہائیکورٹ نے ہدایت دی تھی جس کو تلنگانہ حکومت نے نظرانداز کردیا۔