ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش

   

ہائیکورٹ ڈیویژن بنچ کا تحقیقات پر اظہار اطمینان

حیدرآباد : تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ جوڑے جی وامن راؤ اور پی وی ناگامنی کے قتل کے معاملہ میں جاری تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ راماگنڈم پولیس کی جانب سے تحقیقات پر مبنی تیسری اسٹیٹس رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے درخواست گذار کے وکیل کو اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے سے انکار کیا۔ مقتول جی وامن راؤ کے والد جی کشن راؤ نے انصاف کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ عدالت نے کہاکہ وہ جاریہ تحقیقات سے مطمئن ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ ملزمین کے موبائیل فون ضبط کرلئے گئے اور فارنسک جانچ کے لئے روانہ کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ ایڈیشنل جج منتھنی سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ عینی شاہدین کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کریں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ فارنسک لیاب سے رپورٹ کے حصول میں 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ عدالت میں مقررہ وقت پر جامع چارج شیٹ پیش کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔