ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات کا آغاز

   

حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت سی بی آئی نے پداپلی ضلع میں ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ایک کیس درج کیا ہے۔ جی وامن راؤ اور ان کی اہلیہ پی وی ناگامنی کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو احکامات جاری کئے تھے۔ سی بی آئی نے بی این ایس ایس اور آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جس میں وی وسنت راؤ A1 ، کے سرینواس A2 اور اے کمار A3 کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ منتھنی تا پداپلی ریاستی شاہراہ پر رام گیری پولیس اسٹیشن کے حدود میں 17 فروری 2021 کو دن دھاڑے ایڈوکیٹ جوڑے کا قتل کیا گیا تھا۔ یہ دونوں کسی مقدمہ کی پیروی کے بعد کار میں حیدرآباد واپس ہو رہے تھے۔ ریاستی پولیس کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وامن راؤ کے والد کشن راؤ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی اور سی بی آئی تحقیقات کی اپیل کی۔ سپریم کورٹ نے اپیل کو قبول کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کی ہدایت دی۔ سی بی آئی کے انسپکٹر وپن گہلوٹ کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد مقامی پولیس سے اب تک کی تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات حاصل کرلئے ہیں۔ 1