ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس تقررات اندرون ایک ہفتہ مکمل کئے جائیں

   

حکومت کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت،151 امیدواروں کے احکامات تقرر کی اجرائی باقی
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کریمنل کورٹس کے 151 ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کا اندرون ایک ہفتہ تقرر کرے۔ یہ امیدوار ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کے امتحانات میں منتخب ہوئے ہیں لیکن ابھی تک احکامات تقرر جاری نہیں کئے گئے۔ عدالت نے 7 جنوری تک عمل آوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس تکا رام جی پر مشتمل ڈیویژنل بنچ نے یہ احکامات جاری کئے۔ عدالت نے گزشتہ کئی برسوں سے 50 فیصد سے زائد ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کی جائیدادوں کے مخلوعہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدم تقررات کے نتیجہ میں عدالتوں میں کریمنل کیسس کی عاجلانہ یکسوئی میں دشواری ہورہی ہے۔ ہائی کورٹ نے از خود کارروائی کرکے حکومت کو تقررات کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے سابق میں اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری ہوم کو ہدایت دی تھی کہ عدم تقررات کی صورت میں شخصی طور پر حاضر عدالت ہوں۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ہدایت کے بعد تقررات کا عمل شروع کیا گیا لیکن امتحانات میں کامیاب امیدواروں کو تاحال احکامات تقرر حوالے نہیں کئے گئے۔ گورنمنٹ پلیڈر سریکانت ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ 151 ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کے تقرر کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور ان کی قابلیت اور معیار کی جانچ جاری ہے۔ 30 فیصد امیدواروں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے تقررات کیلئے حکومت کو وقت دینے کی درخواست کی تاہم عدالت نے اندرون ایک ہفتہ احکامات تقرر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ر