90 دن میں تقررات کی تکمیل کی ہدایت، ہوم سکریٹری سے وضاحت طلبی
حیدرآباد۔8 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کی جائیدادوں پر تقررات کی مدت میں کمی کی ہدایت دی ہے۔ کریمنل کورٹس کیلئے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کے تقرر کیلئے پرنسپل سکریٹری ہوم نے 9 ماہ کی مدت کا تعین کیا ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے 9 ماہ کے وقفہ کو نامناسب قرار دیا ۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے صدرنشین نے 4 جولائی کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹرس کی 151 جائیدادوں پر راست تقررات کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ تقرر کا عمل اندرون 9 ماہ مکمل کرلیا جائے گا ۔ عدالت نے کہا کہ 9 ماہ کا وقفہ کافی طویل ہے ۔ عدالت کا احساس تھا کہ امتحانات کی تیاری کیلئے 45 دن اور پرچہ جات کی جانچ کیلئے 45 دن کافی ہوں گے ۔ عاجلانہ تقرر سے کریمنل کورٹس کا موقف مستحکم ہوگا۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت دی کہ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے صدرنشین کو مدت میں کمی کا مشورہ دیں۔ عدالت نے پرنسپل سکریٹری ہوم اور صدرنشین پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کو تازہ حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہیں۔