ممبئی ۔ 22 فروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز کے آغاز سے قبل انگلش خواتین کی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائیٹ نے اپنی ٹیم کے بیٹنگ شعبہ میں گہرائی کا اشارہ دیا تھا لیکن پہلے ونڈے میں فاسٹ بولر ایکتا بشتھ کی شاندار بولنگ کے آگے مہمان ٹیم کی آخری 7 وکٹیں محض 25 رنز کے اضافے پر ہی پویلین لوٹ گئیں جبکہ ہندوستان کے 202 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 41 اوورس میں ہی 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور میزبان ٹیم نے 66 رنز کی کامیابی حاصل کرلی۔ کپتان نائیٹ نے 64 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 39 رنز اور ان کے ساتھ اسکیویرنے 66 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناتے ہوئے انگلش ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا جبکہ سات کھلاڑی دوسرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکے جن میں 3 کھلاڑی صفر اور 2 کھلاڑی صرف ایک رن پر پویلین کی راہ اختیار کی ۔ ہندوستان کیلئے ایکتا نے 8 اوورس میں 25 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پانڈے نے 8 اوورس میں 21 رنز اور شرما نے 9 اوورس میں 33 رنز دیکر فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایکتا کو ان کی شاندار بولنگ پر مقابلے کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کو قبول کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 49.4 اوورس میں 202 رنز بنائے ۔ میزبان ٹیم کیلئے راڈریگس نے 58 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 48 اور کپتان میتھالی راج نے 74 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 44 رنز اسکور کئے ۔ لوور آرڈر میں بھاٹیہ نے 25 اور جھولن گوسوامی نے 37 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز اسکور کئے ۔