پیرس: پیرس کی میئر این ہداگلو نے ایلون مسک کے ملکیتی مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) کا سوشل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکس عالمی فضلے کا گٹر ہے جو غلط استعمال اور گمراہ کن معلومات پھیلا کر ہماری جمہوریتوں کو تباہ کر رہا ہے۔ایلون مسک نے 2022ء میں ٹویٹر پلیٹ فارم خریدنے سے پہلے اس کے ہزاروں ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔ ان میں کنٹینٹ ماڈریٹرز بھی شامل تھے۔ انہوں نے اپنے برانڈ کو ایکس میں تبدیل کر دیا۔ پلیٹ فارم نے کئی بڑے مشتہرین کو کھو دیا اور وائٹ ہاؤس سمیت یہود دشمنی کو روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنے۔فرانسیسی خاتون سیاست دان این ہداگلو نے انگریزی اور فرانسیسی میں لکھی گئی طویل پوسٹ میں کہا کہ یہ پلیٹ فارم اور اس کا مالک جان بوجھ کر تناؤ اور تنازعات کو ہوا دے رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ہیرا پھیری، غلط معلومات، یہود دشمنی اور سائنسدانوں، موسمیاتی ماہرین، خواتین اور لبرل کیخلاف استعمال ہو رہا ہے۔ 2022ء میں صدارتی انتخابات میں 1.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ ہارنے والی سوشلسٹ سیاست دان این ہداگلو نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم عالمی فضلے کا گٹر بن گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس شیطانی منصوبے کی حمایت کرنے سے انکار کرتی ہوں۔